کوئٹہ۔ 10 دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) ملکی تعمیر،ترقی وخوشحالی کے ساتھ ساتھ غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑتی آ رہی ہے حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی بدولت عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوچکا ہے ،پاکستان خودمختارجمہوری ملک ہے سیاست کی آڑ میں ریاست ،پاکستان کیخلاف کسی قسم کی سازش ہرگز قابل قبول نہیں ہے پی ٹی آئی کےبانی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال بھی ناکامی سے دوچار ہوگی
مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) ہی عوام کی حقیقی نجات دہندہ جماعت ہے،وزیراعظم شہبازشریف قائدمیاں محمد نوازشریف کے وژن کو آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں،جنہوں نے عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں کو پایاتکمیل تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتھک جدوجہد کے باعث پاکستان خوشحالی کا گہواہ بن رہا ہے اور عوام کو بھرپور ریلیف میسر ہے ملکی ترقی کے اس عمل کو بریک لگنے نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر ملک کو ترقی کرتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتے ہیں اس لئے وہ ملک اورحکومت کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہے عوام نے سازشی عناصر کو مسترد کردیا ہے ۔اب وہ ملک میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی تیاری کررہے ہیں لیکن عوام ان کے احتجاج کی طرح سول نافرمانی کی تحریک کو بھی مسترد کردیں گے۔