وزیرِ اعظم اورچیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی ملاقات

وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی دعوت پر ان سے چیف جسٹس ہاؤس میں ملاقات کی۔چیف جسٹس نے وزیر اعظم کو قومی عدلیہ پالیسی ساز کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے سے آگاہ کرتے ہوئے ان سےحکومتی تجاویز مانگیں اور بتایا کہ عدلیہ میں اصلاحات کو دیرپا اور موثر بنانے کے لیے وہ اپوزیشن سے بھی تجاویز لیں گے۔ چیف جسٹس نے وزیراعظم کو مزید بتایا کہ عدلیہ اصلاحات کا مقصد زیر التوا مقدمات کی تعداد میں واضح کمی لانا اور عوام کو انصاف کی جلد فراہمی ہے۔ وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس کے جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے اور ملک میں انصاف کی مؤثر اور بروقت فراہمی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے اقدام کو سراہا۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ملکی معاشی صورتحال اور معاشی و سیکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی۔وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس کوملک کی مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ان کیسسز میں میرٹ پر جلد فیصلوں کی درخواست کی۔ چیف جسٹس نے نظام انصاف کی بہتری کیلئے وزیراعظم کےخیالات کا خیر مقدم کیا۔ وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس کو لاپتہ افراد کے حوالے سے مؤثر اقدامات میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان، سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن تنزیلہ صباحت بھی شریک تھے۔

اس پوسٹ کو شیئر کریں

DATE . Feb/20/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top