
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9وکٹوں سے ہراکر پانچ میچز کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں کیوی کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم 18.4اوورز میں 91رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کے صرف3 بیٹرز ڈبل فگر تک پہنچ پائے، اوپنرز محمد حارث اور حسن نواز صفر، کپتان سلمان علی آغا18، عرفان خان ایک، نائب کپتان شاداب خان تین رنزبناسکے،خوشدل شاہ 32رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، عبدا لصمد7، جہانداد خان 17، شاہین آفریدی ایک اور ابرار احمد 2 رنزبناکر چلتے بنے، نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے4اور کائل جیمیسن نے3وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے 92رنز کا آسان ہدف10.1اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ٹم سیفرٹ 44رنزبناکر آؤٹ ہوئے، فن ایلن29اور ٹم رابنسن18رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
سیریز کا دوسرا میچ منگل کو ڈونیڈن میں کھیلا جائے گا۔
DATE . Mar/17/2025