
اسلام آباد-ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ غزہ اور خان یونس میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستانیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں، اس حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کے میزائل اور دفاعی صلاحیتیں ملکی سلامتی کے لیے ہیں۔ پاکستان کا دفاعی پروگرام محفوظ اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
افغان ناظم الامور کی طلبی سے متعلق سوال پر شفقت علی خان نے کہا کہ یہ معمول کا حصہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسلسل اپنے تحفظات سے افغانستان کو آگاہ کر رہا ہے ، عالمی برادری کو افغان سرزمین سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کا کہتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ طورخم بارڈر گزشتہ روز کھولا گیاہے۔ پیدل مسافروں کو جمعہ سے سفر کی اجازت ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے کوئی باڈر پوسٹ تعمیر نہیں کی جائے گی جو پاکستان کا بنیادی مطالبہ تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا امریکا کی پاکستانیوں پر داخلہ پابندیوں کی اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے، امریکا میں داخلہ پابندیوں کی رپورٹس کی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے تردید کر دی ہے۔
DATE . Mar/21/2025