
اسلام آباد- وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہاہےکہ پاکستان کی معیشت نئے مالی سال کے ابتدائی ماہ میں بحالی کے سفر پر گامزن ہے اوراہم اشاریے پیش رفت کا اشارہ دے رہے ہیں۔
وزارت خزانہ کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں کمی، ترسیلات زر اورمالیاتی استحکام کے باعث معیشت میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے، مالی سال 2024-25 کے ابتدائی آٹھ ماہ میں بیرون ملک سے بھیجی گئی ترسیلات زر 24 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ فروری کے مہینے میں یہ رقم 3.1 ارب ڈالر رہی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری ملکی برآمدات میں 7.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 21.82 ارب ڈالر ہو گیاہے،جولائی تا فروری کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 691 ملین ڈالر رہا۔
معاشی رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 41 فیصد اضافہ ہوا،ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 11.14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے،جولائی تا فرروی ٹیکس وصولیوں میں 25.9 فیصد اضافے کے ساتھ 7344 ارب روپے کی گئی ہیں،اسی عرصہ میں نان ٹیکس آمدنی میں 75.8 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.8 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی،مینوفیکچرنگ کے شعبے میں چیلنجز کے باوجود بہتری دیکھنے میں آئی ہے، گاڑیوں کی پیداوار میں 41.9 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،مہنگائی میں کمی کے باعث معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پالیسی اصلاحات اور استحکام کی بدولت پاکستان کی معیشت مستقبل قریب میں مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
DATE . Mar/25/2025