
اسلام آباد-وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے،دن رات کی محنت اور ایک ٹیم ورک کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی ،حکومت کی انتھک کاوشوں کےباعث اتنا جلد یہ ہدف حاصل کرنا ممکن ہوا،آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے اغیار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکامی کا سامنا کرناپڑا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ٹیکس وصولی کےہدف سےزائد محصولات کی وصولی قابل ستائش ہے، دہشتگردی اور مہنگائی سمیت مختلف چیلنجز کےباوجود معاہدہ طے پانا حکومت کی سنجیدگی کی عکاس ہے،پوری قوم نے اس ہدف کےحصو ل میں بےپناہ قربانیاں دیں، تنخواہ دار طبقے نے محصولات کی وصولی میں کلیدی کرداراداکیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی کے سیکٹر کی نگرانی کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،چینی کی سیلز ٹیکس کی چوری پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیےجارہےہیں،اس حوالے سے گزشتہ سال کے مقابلے میں اب تک 12ارب روپے اضافی وصول کیے جاچکےہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو معاشی استحکام کی منزل سے ہمکنار کرنا ایک لمبی جدوجہد ہے،انتھک محنت اور لگن سے کام کرتے رہےتو پاکستان ضرورترقی کرے گا،امن اور ترقی لازم وملزوم ہیں، دہشتگردی کےخلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنیوالی ہماری سکیورٹی فورسز کی پذیرائی پوری قوم پر لازم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رمضان پیکج کے حوالے سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل والٹ کا اجراء کیا گیا،رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد تک شفاف طریقے سے ریلیف پہنچانا مقصود ہے،رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کیلئے مختص کردہ 20ارب میں سے 60فیصد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو مرحوم کو شاندارخدمات پر اعلیٰ ترین سو ل ایوارڈ نشان پاکستان دیا جاناخوش آئند ہے۔
کابینہ اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ محترمہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
DATE . Mar/27/2025