
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے حریت پسندوں کے خلاف اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، پروفیسر عبدالغنی بٹ اور مشتاق الاسلام سمیت ممتاز آزادی پسند رہنماؤں اورکارکنوں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ بھارتی فوج نے جماعت اسلامی، تحریک حریت، مسلم لیگ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، مسلم کانفرنس اور پیپلز فریڈم لیگ سے وابستہ رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔ یہ چھاپے سرینگر، گاندربل، بارہمولہ، کولگام اور اسلام آباد اضلاع کے مختلف علاقوں میں مارے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران بھارتی فورسز نے مکینوں سے پوچھ گچھ کی اور انہیں ہراساں کیا۔ فورسز اہلکاروں نے اس دوران جائیداد وں کے کاغذات، بینک دستاویزات، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا ءضبط کر لیں۔
دوسری جانب ضلع کٹھوعہ میں بھارتی فوجیوں نے مسلسل چوتھے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ قابض فورسز نے آپریشن کے دوران پوچھ گچھ کے نام پر درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کرلیا۔
DATE . Mar/28/2025


