
لاہور-وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی شہر سمیت پورے ڈویژن کی خوبصورتی، صفائی اور پارکس کی بہتری کے لئے جامع اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اس سلسلے میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں مری روڈ کی بیوٹیفیکیشن، اپ لفٹنگ، پیرودھائی، فیض آباد سمیت تمام غیرقانونی بس اڈے، تجاوزات کے خاتمے اور منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن کلین اپ کی منظوری دی گئی،اجلاس میں پورے راولپنڈی ڈویژن میں ستھرا پنجاب پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور سامنے آنے والی خامیوں کو جلددور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے نالہ لئی منصوبے کی فیزیبلٹی تین ماہ میں مکمل کرنے اور دسمبر میں رنگ روڈ کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے تین دن کی ڈیڈ لائن میں پیرودھائی سے غیرقانونی بس اڈے ختم کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو شاباش دی جبکہ فیض آباد سے بھی بسوں کے اڈے اور تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے اگلے جمعہ تک پورے مری روڈ کی بیوٹیفکیشن،صفائی اور اپ لفٹنگ پلان کی بھی منظوری دی جبکہ شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے حکام کے ہمراہ راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں کے علاوہ راجہ بازار، فوارہ چوک اور صدر کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خاتمے کے اب تک کے اقدامات، ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پورے راولپنڈی ڈویژن میں تجاوزات کے خاتمے کا عوام نے خیر مقدم کیا ہے، وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام کو راولپنڈی ڈویژن کو منشیات سے پاک کرنے کا ٹاسک بھی دیا ہے اور منشیات کی سمگلنگ اور فروخت میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کی منظوری دی ہے،مریم نواز شریف نے ،راولپنڈی ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں نگرانی اور گشت بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
DATE . Apr/3/2025