
سانحہ سیاچن گیاری سیکٹر کے شہداء کی 13 ویں برسی آج منائی جارہی ہے، 7 اپریل 2012 کو سیاچن کے محاذ پر انتہائی دلسوز حادثہ پیش آیا۔
اس حادثے میں وطن عزیز کے دفاع پر مامور بڑی تعداد میں پاک فوج کے جوان برفانی تودے کی زد میں آگئے اور پاکستان آرمی کا بٹالین ہیڈ کوارٹر مکمل طور پر برف میں دب گیا، بٹالین ہیڈ کوارٹر میں موجود 129 فوجی جوانوں نے وطن کی حرمت کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔
جذبہ حب الوطنی سے سرشار پاک آرمی کی انجینئرز کور نے اس ریسکیو آپریشن کو مکمل کرنے کا بیڑہ اٹھایا، اس حادثے کے اثرات اتنے تلخ تھے کہ غیر ملکی ریسکیو ٹیموں نے بھی اس مشن کو ناممکن قرار دے دیا تھا، پاکستان آرمی کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور جوانمردی سے یہ مشکل ترین آپریشن پایہ تکمیل تک پہنچا، آج پوری قوم شہدائے گیاری سیکٹر کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
سانحہ گیاری کے شہداء کی قربانیوں کی یاد میں سیاچن کے محاذ پر یادگار شہداء بھی تعمیر کی گئی، شہدائےگیاری کی عظیم قربانی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
سیاچن کا محاذ دنیا کا بلند ترین میدان جنگ ہے،اس محاذ پر دشمن کے علاوہ شدید ترین موسم بھی پاک فوج کے آفیسر اور جوانوں کیلئے کڑی آزمائش ہے
DATE . Apr/7/2025