
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے،مضبوط شراکت داری کے قیام اور صحت کی بنیادی سہولیات ہر شہری تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس سال کا تھیم “صحت مند آغاز، امید افزا مستقبل”، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماؤں اور بچوں کی صحت، صحت مند خاندانوں، مستحکم برادریوں اور ایک پُرامید قوم کی بنیاد ہے، جو سب کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے ماں اور بچے کی صحت کے میدان میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے تاہم ہمارے سامنے اب بھی طویل سفر باقی ہے، ہمیں اپنے نظامِ صحت کو اس انداز میں مستحکم کرنا ہوگا کہ وہ نہ صرف طبی بلکہ ان وسیع تر معاشرتی عوامل سے بھی مؤثر انداز میں نمٹ سکیں جو زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت،صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور مضبوط شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہےتاکہ صحت عامہ کی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے،ڈیجیٹل ہیلتھ ٹولز کے استعمال، ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور کمیونٹی کی مؤثر شمولیت کے ذریعے ہم اس خلا کو پُر کرنے کے متمنی ہیں جو خاص طور پر کم سہولت یافتہ اور دور دراز علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی میں حائل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی یومِ صحت 2025 مناتے ہوئے آئیے ہم صحت کے لیے ایک مربوط اور کثیر شعبہ جاتی نقطہ نظر کی ضرورت کا اعادہ کریں، اس میں صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، غذائیت، ماحول اور نظم و نسق میں مربوط اور عملی اقدامات شامل ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں احتیاطی تدابیر پر مبنی صحت کی دیکھ بھال، یونیورسل ہیلتھ کوریج، دماغی صحت کی بہتری اور صحت سے متعلق عدم مساوات کے خاتمے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا،ہمارا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ ہر فرد کو معیاری صحت کی سہولیات، تربیت یافتہ طبی عملہ، محفوظ علاج اور ضروری ادویات بروقت اور بلا مالی رکاوٹ فراہم ہوں
DATE . Apr/7/2025