علامہ اقبال کی فکری سوچ کو اپنانا ہوگا: وفاقی وزیر احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے علامہ اقبال کی فکری سوچ کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اقبال کی فکر اور نظریے سے جڑنا ہوگا، کیونکہ ان کی تعلیمات ملک کی ترقی اور امن کے لیے اہم ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک کے نظریاتی ڈھانچے کی مضبوطی بھی ضروری ہے، کیونکہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ تمام صوبوں میں اقبال اکیڈمی کی شاخیں قائم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو اقبال کی فکر سے روشناس کرایا جا سکے۔

احسن اقبال نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو نوجوانوں کو فکر اقبال سے آگاہ کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے پاکستان کی افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو اپنے سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا چاہیے۔

پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔ وفاقی وزیر نے حکومتی اقدامات کو ملکی معیشت کی بہتری کا باعث قرار دیا اور کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو سازش کے ذریعے ختم کرکے ترقی کے عمل کو روکا گیا تھا۔

احسن اقبال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 2018 میں سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے ایک غیر منتخب حکومت مسلط کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے تاکہ ملک کی ترقی کا عمل جاری رہے۔

DATE . Apr/10/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top