
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ای سی او رکن ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر اسد مجید خان کو ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری خطے میں رکن ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ ای سی او ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون خطے کی ترقی اور پائیدار امن کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی آف پاکستان ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کی ایک فعال اور سرگرم رکن ہے، اور اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دو مرتبہ ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کی جنرل کانفرنس کی میزبانی کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ، ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کا عبوری سیکرٹیریٹ بھی پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائم ہے۔
اسپیکر نے ڈاکٹر اسد مجید خان سے درخواست کی کہ وہ قومی اسمبلی میں قائم عبوری سیکرٹیریٹ کو مستقل سیکرٹیریٹ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قومی اسمبلی میں قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس ای سی او رکن ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل ای سی او ڈاکٹر اسد مجید خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کی میزبانی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ای سی او رکن ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اسپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کے سیکرٹیریٹ کو مستقل بنانے کے لیے وہ بھرپور کردار ادا کریں گے۔