
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاسپورٹ کے حصول کیلئے نئی شرائط سے گداگری اور غیر قانونی ترک وطن کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے دورے کے دوران ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نئی شرائط کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے ترجیحی بنیادوں پر پورے کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وطن واپس بھیجے جانے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کئے جانے کی ہدایت پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے نئی نصب شدہ چھ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور دو ایـپاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا۔
وزیرداخلہ نے مشینوں کی تنصیب کے لئے پاکستان کے دورے پر موجود جرمن ٹیم سے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ نئی مشینوں سے پاسپورٹ آفس کی پرنٹنگ کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا جس سے عوام کیلئے پاسپورٹ کے اجراء کے عمل میں مزید تیزی آئیگی۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی نے شہریوں کی سہولت کیلئے جلد ایک موبائل ایپ کا آغاز کرنے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
امور داخلہ کے وزیر مملکت طلال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
DATE . Apr/11/2025