بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا سیول میں تاریخی انعقاد، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بانی چیئرمین منتخب

اسلام آباد: جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کا تاریخی انعقاد عمل میں آیا، جس میں چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کو کانفرنس کا بانی چیئرمین متفقہ طور پر منتخب کر لیا گیا۔

یہ انتخاب نہ صرف پارلیمانی سفارتکاری میں پاکستان کی اہم اور بڑی کامیابی ہے بلکہ یہ ملک کے مثبت تشخص، عالمی سطح پر قیادت کی صلاحیتوں اور جمہوری وابستگی کا بھی عملی اظہار ہے۔

کانفرنس میں دنیا بھر کے سینیئر پارلیمانی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں عالمی چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ پارلیمانی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور پائیدار ترقی، شفاف حکمرانی اور امن کے لیے پارلیمانی نیٹ ورکس کی تشکیل کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کا پلیٹ فارم انسانی وقار، افہام و تفہیم اور مشترکہ ترقی کی علامت ہے۔ کانفرنس کے دوران 45 بانی اراکین اسپیکرز کو عالمی یکجہتی، جمہوری استحکام اور پارلیمانی تعاون کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا، جنہیں چیئرمین سینیٹ نے خود پیش کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس عالمی پارلیمانی سفارت کاری کا روشن مستقبل ہے، اور اس کا آغاز عالمی جمہوری اشتراک کا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے عالمی ہم آہنگی اور دیرپا امن کے لیے پارلیمانوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور پائیدار حکمرانی کو عالمی رہنما اصول بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی سفارت کاری میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے اور بین الپارلیمانی پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی ترقی کو ایک نئی سمت دی جائے گی۔

یہ کانفرنس نہ صرف ایک سفارتی کامیابی ہے بلکہ عالمی امن، تعاون اور ترقی کا مشترکہ عہد بھی ہے۔

DATE . Apr/12/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top