
اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں آٹھ پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کا اس انداز میں قتل ہونا نہایت قابلِ مذمت ہے۔
وزیرِ اعظم نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور پورے خطے کے لیے تباہ کن ہے، جس کے خاتمے کے لیے علاقائی ممالک کو مل کر ایک جامع اور مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، اور اس بربریت کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
وزیرِ اعظم نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت دی کہ وہ مقتولین کے لواحقین سے فوری رابطہ کرے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے ان کی میتوں کی باحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنائے۔
DATE . Apr/13/2025