اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خطاب: تعلیم کی انقلابی طاقت پر زور، عالمی سطح پر گرلز ایجوکیشن معاہدے کی تجویز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ “اناطولیہ ڈپلومیسی فورم” میں “تعلیم کی انقلابی طاقت” کے موضوع پر تاریخی اور جامع خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے انقلابی وژن کے ذریعے تعلیم کو معاشرتی تبدیلی، مساوات، اور پائیدار ترقی کا مرکز قرار دیا۔

مریم نواز شریف نے ہر بچے کی تعلیم، اسکول میں موجودگی اور کامیابی کو اپنی پالیسی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ عالمی انسانی فریضہ ہے۔ انہوں نے فورم میں گرلز ایجوکیشن کے لیے عالمی معاہدے کی تجویز پیش کی اور باہمی اشتراک سے تعلیم، تدریسی حکمت عملی اور پالیسی سازی پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ترک یونیورسٹیوں کو پنجاب میں کیمپس قائم کرنے اور نوجوانوں کے لیے تربیتی مراکز کھولنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ سے تعلیمی شراکت داری اور ایکسچینج پروگرام کے ذریعے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا، “میں خود کو محض وزیراعلیٰ نہیں بلکہ تعلیم کی سفیر سمجھتی ہوں، اور گرلز ایجوکیشن کے معاملے میں ہر طالبہ کے لیے ایک ماں کی طرح سوچتی ہوں۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم انصاف، عزت، مساوی مواقع اور غربت کے خلاف سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔

مریم نواز شریف نے پنجاب میں جاری تعلیمی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 4 ہزار سے زائد پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری سطح پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور 6 ہزار اسکولوں میں ڈیجیٹل لرننگ رومز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب “بلیک بورڈ اور چاک کا زمانہ گیا، اب ڈیجیٹل اسکرین کے ذریعے سائنس اور ٹیکنالوجی سکھائی جا رہی ہے”۔

انہوں نے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تفصیلات بھی پیش کیں، جس کے تحت 50 ہزار ذہین و محنتی طلبہ کو وظائف دیے جا رہے ہیں، جن میں سے 50 فیصد طالبات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپس نہ صرف تعلیمی سفر کا ذریعہ ہیں بلکہ ان کے پیچھے دل کو چھو لینے والی کہانیاں اور زندگی بدل دینے والے خواب ہیں۔

مریم نواز شریف نے خطاب کے اختتام پر کہا، “ہمیں ان بچوں کا سوچنا ہوگا جو جنگ، تعصب، غربت یا صنفی تفریق کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہیں۔ فلسطین، افغانستان، سوڈان اور کشمیر کے بچوں کی حالت ہمارے ضمیر کا امتحان ہے۔”

انہوں نے ترک خاتون اول آیمنہ اردوان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم خواتین قیادت اور تعلیم کے فروغ کا ایک کامیاب ماڈل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عزم ظاہر کیا کہ وہ تعلیم کے ذریعے پاکستان کو ترقی، امن اور مساوات کی راہ پر گامزن کریں گی۔

DATE . Apr/13/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top