
اوکاڑہ: حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سکولوں کے طلبہ و طالبات پنجاب کے ثقافتی رنگا رنگ لباس پہن کر سکول آئے اور ثقافتی روایات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شلوار قمیض، تہبند سمیت مختلف دیدہ زیب لباس پہن رکھے تھے اور انہوں نے پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر خوبصورت انداز میں پنجاب کی ثقافت کی ترجمانی کی۔
چیف ایگزیکٹو افیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد یوسف کاہلوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور تہذیب و تمدن کے تحفظ اور فروغ کے لیے حکومت پنجاب ٹھوس بنیادوں پر کوششیں کر رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ثقافت سے مکمل واقفیت دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت ہماری شناخت کی علامت ہے اور اس کو زندہ و پائندہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب مل کر عہد کریں کہ ہم پنجاب کی ثقافتی روایات کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لیے متحرک انداز میں کام کریں گے اور اس کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پھیلائیں گے
DATE . Apr/15/2025