چینی تعمیراتی کمپنی کے وفد کی وفاقی وزیر بحری امور سے ملاقات، ڈیسالینیشن پلانٹس سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: چین کی تعمیراتی کمپنی کے 6 رکنی وفد نے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز جنید انوار چوہدری سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے تحت ہائی وے کی تعمیر اور پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر پورٹ قاسم پر سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے ڈیسالینیشن پلانٹس کی تنصیب پر خصوصی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنا ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ کو بھی فروغ دینا ہے۔

چینی وفد نے اس منصوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے چین کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے میری ٹائم شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، خاص طور پر لاجسٹکس، سیاحت اور بلیو اکانومی کے شعبہ جات میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

DATE . Apr/16/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top