اسلام آباد-پاکستان اور ہنگری نے ثقافتی اور سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کا عزم کا اظہار کیا ہے ۔اسلام آباد میں ہنگری کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی تعاون فروغ پارہا ہے اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہنگری اور پاکستان کے مابین مشترکہ کمیشن کا تیسرا اجلاس نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ہنگری کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس کے لیے ہنگری کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، جبکہ عالمی سیاسی امور پر دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ثقافت اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔انہوں نے افغان سرزمین سے دہشت گردی کے فروغ پر تشویش کا اظہار کیا ۔۔اُن کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتے ہیں اور پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اتحادی سمجھتے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جی ایس پی پلس کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع کی بھی نشاندہی کی
Date . Apr/17/2025



