ہم 9 مئی والےنہیں،28 مئی والے ہیں،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ خدمت اورتعمیروترقی کی سیاست کی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد-وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9مئی والوں نے اپنے ہی ملک پر حملہ کرکے پاکستان کونقصان پہنچایا۔ہم 9 مئی والےنہیں بلکہ 28 مئی والے ہیں،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ خدمت اورتعمیروترقی کی سیاست کی ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر معیشت کی بحالی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسلام آباد میں مسلم لیگ ن یوتھ کوآرڈینیٹرز کے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے نہوں نے نوجوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں ،جو ہر دور میں حق اور صداقت کے ساتھ کھڑے رہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے اور مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے۔ انہوں نے اختیار ولی کو پارٹی کا مخلص ساتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ “یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے فسطائیت کے سائے میں بھی پارٹی کا پرچم تھامے رکھا”۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ “ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، 28 مئی ہماری پہچان ہے، جبکہ 9 مئی والوں نے اپنے ہی ملک پر حملہ کیا۔ سرکاری املاک تباہ کیں، اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں پر پوری قوم فخر کرتی ہے، دشمن بھی ان کی بہادری کے معترف ہیں، مگر مخصوص جماعت نے اُن کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دی۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست خدمت، ترقی اور عوامی فلاح پر مبنی ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی مکمل معاونت سے معیشت کے استحکام میں تیزی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یوتھ پروگرام، سکل ڈیولپمنٹ، موٹروے نیٹ ورک اور پاور پراجیکٹس کے ذریعے حقیقی ترقی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی بنائی گئی موٹرویز آج بھی عوامی سہولت کی علامت ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نہ صحت پر توجہ دی گئی، نہ تعلیم پر، نہ ہی امن و امان پر۔ این ایف سی ایوارڈ کے اربوں روپے ضائع کیے گئے۔ دہشت گردی کے خلاف بات کرنے پر علی امین گنڈاپور کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔ اگر وہ ملک سے مخلص ہیں تو دہشت گردوں کے خلاف کھل کر بات کرنا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی گروپ بندی کا شکار ہے، یہ لوگ نہ پارٹی سے مخلص ہیں اور نہ ملک سے۔ یہ نسل در نسل غلامی کی ذہنیت رکھتے ہیں اور صرف اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس کا پاکستان میں انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔یہ سب اس ٹیم ورک، نیک نیتی اور وژن کا نتیجہ ہے جس کا محور محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت ہے۔آخر میں عطا اللہ تارڑ نے ایک پُرجوش شعر سناتے ہوئے کارکنان کے لہو کو گرما دیا، اور کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، اور ہم اسے ہر سازش سے بچائیں گے۔تقریب کے اختتام پر پارٹی کارکنان نے نعروں اور تالیوں سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔

Date . Apr/17/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top