لاہور-صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے فوڈ چینز پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِن واقعات سے ملک کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچایا گیا ہے۔لاہور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کے نام پر کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پریس کانفرنس کے آغاز میں عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر محبت اور ہم آہنگی کا تہوار ہے اور ہماری مسیحی برادری اسے جوش و خروش سے منا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کھیل داس کوہستانی پر حملے کی بھی پُر زور مذمت کی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کچھ سیاسی دہشت گرد یا شدت پسند گروہ اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں اورلوگوں کے کاروبار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر فوڈ چینز پر ہونے والے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔عظمیٰ بخاری نے تمام گروہوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی غزہ کے نام پر دہشت گردی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جیسے ملک کو کوئی مٹھی بھر دہشت گرد یا شدت پسند گروہ نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
Date . Apr/21/2025