ارتھ ڈے 2025: زمین ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارتھ ڈے 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے۔ ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ زمین کو محفوظ بنانے کے لیے آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا، اور اس کے لیے اجتماعی کاوشیں درکار ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب قدرتی مسکن کی حفاظت کے مشن میں سب سے آگے ہے، اور ماحولیاتی تحفظ کو صوبائی پالیسی کا مرکزی حصہ بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سرسبز پنجاب مہم کے تحت اب تک لاکھوں درخت لگائے جا چکے ہیں تاکہ ماحولیاتی توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی سمارٹ انوائرمنٹ فورس قائم کی گئی ہے جو فضائی اور زمینی آلودگی کی نگرانی کے لیے جدید نظام سے لیس ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے کسانوں کو سپر سیڈر مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ کارخانوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ صنعتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب نے پاکستان کی پہلی جامع کلائمیٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے واضح اہداف طے کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے خودکار مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔

آخر میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارتھ ڈے کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ زمین کے تحفظ کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا: “آئیں! ہم سب مل کر اپنی زمین کو بہتر، سرسبز اور پائیدار بنانے کا عزم کریں۔”

DATE . Apr /22/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top