اسلام آباد -وزیرِ اعظم سے جمہوریہ روانڈا کے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر اولیویئر جے پی ندُہونگیرے (OLIVIER J.P. NDUHUNGIREHE) نے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیرِ اعظم نے روانڈا کے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور صدر پال کاگامے (PAUL KAGAME) اور وزیرِ اعظم ایڈورڈ اینگیرینٹے (EDOUARD NGIRENTE) کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے صدر کاگامے کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں روانڈا کے سفارتی مشن کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تجارت میں اہم کردار ادا کرے گا۔روانڈا کے وزیر خارجہ نے وزیرِ اعظم کی نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ہمراہ ایک تجارتی وفد بھی پاکستان آیا ہے، جو لاہور میں منعقدہ تجارتی فروغ کی تقریب میں شریک ہوا۔ملاقات کے دوران اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر کثیرالجہتی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد و مشترکہ اقدار پر مبنی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Date . Apr/23/2025