اسلام آباد-وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن (ITUC) کے سیکرٹری جنرل، لوک ٹرائینگل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے ساتھ مل کر ملک میں مزدوروں اور کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افرادی قوت، ملازمین اور کارکنوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (EOBI) اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کا دائرہ کار وسیع کر رہی ہے۔وزیراعظم نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی سطح پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور صوبائی سطح پر ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس (VTIS) کے ذریعے تربیتی پروگرام جاری ہیں، تاکہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ان کے روزگار اور معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس سانحے میں 30 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا، جس کے باعث محنت کش طبقہ بری طرح متاثر ہوا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت دیگر متاثرہ ممالک کو عالمی مالیاتی اداروں سے خصوصی معاونت کی ضرورت ہے، تاکہ کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
Date . Apr/23/2025