اسلام آباد، مدینہ منورہ سعودی عرب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مدینہ منورہ کے دورہ کے دوران گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان السعود سے گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ گورنر مدینہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، مسلم اُمہ کے اتحاد، فلسطین کی سنگین صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اخوت، محبت اور اعتماد پر مبنی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ “سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں ممالک یک جان دو قالب کی مانند ہیں۔” انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کریں گے۔فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم امہ کو متحد ہوکر اسرائیل کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار کرنا ہوگا۔ “اسرائیل معصوم اور بے گناہ فلسطینی شہریوں کا خون بہا رہا ہے عالمی برادری کو اس پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔”گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان السعود نے اسپیکر سردار ایاز صادق کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مسلم اُمہ کے اتحاد اور فلسطین میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہونے والی ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ، باہمی اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر مسلم دنیا کے اجتماعی کردار کو مؤثر بنانے اہم سنگ میل ثابت ہونگیں.
Date . Apr/24/2025