چوتھی ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی ای کچہری کا انعقاد، اہم اعلانات

اسلام آباد: – پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے زیر اہتمام چوتھی ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شکایات اور تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

پی اے اے کے ترجمان کے مطابق، ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو اگلے سال کے آخر تک اے 320 طیاروں کے لیے اپ گریڈ کر دیا جائے گا، جس سے جنوبی پنجاب کے مسافروں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اسی طرح پشاور ایئرپورٹ پر ایئر سائیڈ اور پارکنگ کی سہولیات کو بہتر بنانے کا اعلان کیا گیا، تاکہ مسافروں اور ایئرلائنز کو مزید آسانی فراہم کی جا سکے۔

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بزنس پلان پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ترجمان کے مطابق، یہ منصوبہ گوادر کو ایئر لائنز کے لیے پرکشش مقام بنانے میں مدد دے گا، جو علاقائی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔

کچہری کے دوران مسافروں کی جانب سے ایئر لائن عملے کے رویے اور سامان گم ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جنہیں متعلقہ حکام، خصوصاً سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو بھیجا جائے گا تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔

علاوہ ازیں، لاہور ایئرپورٹ پر فرسٹ ایڈ کٹس میں ٹیٹنس کے ٹیکے شامل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے، تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

پی اے اے نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے
.

DATE . Apr/24/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top