پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ ،وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت

ایبٹ آباد:پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 151 ویں لانگ کورس، 70 ویں انٹی گریٹڈ کورس اور 25 ویں لیڈی کیڈٹس کورس کی ایک شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف مہمان ِخصوصی تھے۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔پریڈ ایونیو میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا۔ اُن کی آمد پر قومی ترانہ بجایا گیا اور پریڈ نے وزیراعظم کو صدر سلام پیش کیا۔ وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس موقع پر جھک کر قومی پرچم کو سلامی دی۔وزیراعظم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شبیر کمپنی کو قائد اعظم بینر عطا کیا۔ پریڈ نے انتہائی وقار کے ساتھ مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزری۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے اپنے عہد کا حلف اٹھایا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔ 151 پی ایم اے لانگ کورس میں بہترین کارکردگی پر اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد حنان ملک کو اعزازی شمشیر دی گئی۔ صدارتی طلائی تمغہ اکیڈمی انڈر آفیسر زین العابدین نے حاصل کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل نیپال کے کیڈٹ کے حصے میں آیا۔ کورس جونیئر انڈر آفیسر محمد طلحہ ایاز نے کمانڈنٹ کی اعزازی چھڑی حاصل کی۔ 25 ویں لیڈی کیڈٹس کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی پر کورس سارجنٹ لائبہ رحمان کو بھی کمانڈنٹ کی اعزازی چھڑی سے نوازا گیا۔پی ایم اے کاکول کی اس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں دوست ممالک بنگلہ دیش، عراق، نیپال اور قطر کے 13 کیڈٹس بھی شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر پریڈ نے پرجوش انداز میں قومی نعرہ بلند کیا۔اس پروقار تقریب میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عطاء اللہ تارڑ، اراکین اسمبلی، مختلف ممالک کے سفراء، دفاعی اتاشی، سفارتی عملہ اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے عزیز و اقارب کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Date . Apr/27/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top