روڈ ٹو مکہ: انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 45 رکنی سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا

News Image

اسلام آباد: سعودی عرب کے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 45 رکنی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر معزز مہمانوں کا پرُتپاک استقبال کیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق، روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت اس سال پاکستان سے پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 50 ہزار 500 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔ ان میں سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 28 ہزار اور کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 21 ہزار عازمین حج سفر کریں گے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے 100 جبکہ کراچی سے 80 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ حج عازمین کی سہولت کے لیے اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔
اس اہم منصوبے کے تحت پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن کا عمل سعودی عرب پہنچنے کے بجائے پاکستان میں ہی مکمل کیا جائے گا، جس سے عازمین کو سفر کے دوران مزید آسانی اور سہولت میسر آئے گی۔

DATE . Apr/27/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top