
راولپنڈی: وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف ایک وسیع اور اہم آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔
سول انتظامیہ کی مکمل معاونت سے جاری اس آپریشن میں ریلوے کی قیمتی اراضی کو واگزار کرایا جا رہا ہے۔ڈی ایس نور الدین داوڑ کی قیادت میں ریلوے پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ عملے نے سول ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر مریڑ ریلوے پل کے ساتھ واقع لکڑیوں سے بنے غیر قانونی گھروں کو مسمار کر دیا۔
یہ غیر قانونی تعمیرات گزشتہ دو دہائیوں سے قائم تھیں اور خانہ بدوشوں کی جھگیوں سے پختہ عمارتوں میں تبدیل ہو چکی تھیں۔ اس آپریشن کے نتیجے میں تقریباً 14 کینال اراضی، جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے، غیر قانونی قابضین سے واپس لے لی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کسی کو بھی ریلوے کی اراضی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور ریلوے کی ایک انچ زمین بھی کسی کو ہڑپنے نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ آپریشن قانون کی عملداری، ریلوے کے نظام کی بہتری اور عوامی مفاد کے لیے کیا جا رہا ہے اور اس کا دائرہ کار پورے ملک تک وسیع کیا جائے گا
DATE . Apr/27/2025