پہلگام حملے پر بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی شوبز شخصیات کا شدید ردعمل

News Image

کراچی: مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا اور حکومت کے جانب سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے پر پاکستان کی معروف فنکار برادری نے سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ غلط معلومات اور نفرت انگیز مہم کو فوراً بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیوں کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان خاموش رہے گا۔

یاسر حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بھارت ایک ایٹمی طاقت ہے، اسی طرح پاکستان کے پاس بھی ایٹمی صلاحیت موجود ہے، اور نفرت انگیزی کا انجام بھارتیوں کو خود بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے بھارتی یوٹیوبرز اور میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے دھمکاتے ہیں جیسے پاکستانیوں نے کمزور ہونے کی کوئی علامت دکھائی ہو، حالانکہ قومی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم یک زبان ہے۔

یاسر حسین نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
اسی طرح پروڈیوسر اور اداکار شمعون عباسی نے بھی بھارتی میڈیا اور مودی حکومت کے پراپیگنڈے پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی میڈیا نے حملے کے بعد حد سے زیادہ جھوٹی خبریں پھیلائیں، یہاں تک کہ ایک زندہ شادی شدہ جوڑے کو مردہ قرار دے دیا، جو بعد میں خود سامنے آ کر اپنی زندگی کا ثبوت دے بیٹھے۔

شمعون عباسی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے عوام میں شدید اشتعال پایا جا رہا ہے، اور انتہاپسندانہ بیانات دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ماضی میں بھی پلوامہ حملے جیسے واقعات کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص خود مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی پھیلا چکا ہو، وہ دوسروں پر دہشت گردی کا الزام لگاتے ہوئے اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے بھارت اور اسرائیل کو ایک ہی سوچ رکھنے والی قوتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے شدت پسندی کو فروغ دیتی رہی ہے۔

شمعون عباسی نے بھارتی عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور میڈیا کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ تباہی کا سبب بنتی ہے۔

گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بھارتی میڈیا کی منفی رپورٹنگ پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی جنگ ہوتی ہے تو اس کا ذمہ دار بھارتی میڈیا ہوگا جو ہمیشہ نفرت اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ پھیلاتا ہے۔

گلوکار عمیر جسوال نے بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹنگ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اس عمل کو بی جے پی کا منظم منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے اس جوڑے کی ویڈیو شیئر کی جسے بھارتی میڈیا نے ہلاک شدہ قرار دیا تھا مگر وہ زندہ سلامت سامنے آ گیا۔

DATE . Apr/27/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top