
اسلام آباد:وزیراعظم سے عالمی فائنانس کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار پرکشش مواقع موجود ہیں۔ پاکستان دنیا کی تیز ترین کرپٹوکرنسی کو اپنانے والی معیشتوں میں شامل ہو چکا ہے اور اس شعبے میں پاکستان کے باصلاحیت نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں کرپٹوکرنسی جیسے جدید معاشی لین دین کے طریقوں کی ترویج کے لیے قوائد و ضوابط کی تشکیل پر کام تیزی سے جاری ہے۔
زیک ویٹکوف نے پاکستان میں کرپٹوکرنسی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل کے حوالے سے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی پرکشش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف اس خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی سرکردہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
زیک ویٹکوف نے پاکستان کے عالمی امن کے قیام میں کلیدی کردار کی بھی تعریف کی۔
اس ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
DATE . Apr/28/2025