اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چین میں پاکستانی طلباء و طالبات کے زراعت کے شعبے میں جدید تربیتی پروگرام کی نگرانی پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پراجیکٹ ڈائریکٹر صائمہ نورین کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ صائمہ نورین کا عوامی خدمت کا جذبہ سرکاری افسران کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔وزیرِ اعظم نے صائمہ نورین کے چینی یونیورسٹی میں طلباء کے مسائل حل کرنے اور ان کے قیام کے انتظامات کی ذاتی نگرانی کرنے کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت میں دن رات مصروف عمل افسران ہی ترقی اور مراعات کے اصل حقدار ہیں۔وزیرِ اعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ اللہ کے فضل سے چین میں جدید زراعت کی تربیت کے لیے طلباء کی پہلی کھیپ بحفاظت پہنچ چکی ہے۔ ملاقات کے دوران صائمہ نورین نے طلباء کو پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا اور مستقبل میں ان کے حل کے لیے سفارشات پیش کیں۔وزیرِ اعظم نے ان کی کارکردگی کے اعتراف میں صائمہ نورین کو تعریفی سند اور شیلڈ بھی پیش کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق تمام طلباء شیان یونیورسٹی میں بحفاظت پہنچ چکے ہیں اور اپنی تربیت کا آغاز کر چکے ہیں۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے طلباء کو چین بھیجنے کے انتخابی عمل کی شفافیت کو جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کی ہدایت بھی دی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
Date . Apr/29/2025