وزیراعظم سے چین کے سفیر کی اہم ملاقات،دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:وزیراعظم سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نےاسلام آباد میں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی مضبوط حمایت پر چین کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بھارتی اقدامات پرپاکستان کا اصولی موقف سمجھنے اورپہلگام واقعے کی قابل اعتماداور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی مخلصانہ پیشکش کی توثیق پر چین کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے ۔سندھ طاس معاہدے کے تحت کوئی بھی فریق یکطرفہ طور پر معاہدے سے انحراف کا حق نہیں رکھتا۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن یقینی بنانے کاواحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہے۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ فرنٹ لائن سٹیٹ کے طور پر ہم نے بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے۔دہشتگردی کے خلاف 90ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور 152ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اس وقت دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے والے مختلف گروپوں پر مرکوز ہے۔بھارت کے جارحانہ اقدامات پاکستان کی انسداد دہشتگردی کے لیے کوششوں سے توجہ ہٹا سکتے ہیں ۔چینی سفیر نے پاکستان کے نقطہ نظر اور حقائق سے متعلق تفصیلی گفتگو پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کی مشترکہ خواہش کے حصول کے لیے چین ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرے گا۔

Date . May/2/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top