اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے لیے ملک میں جلد فری مارکیٹ قائم کی جائے گی جس سے مسابقتی بنیاد پر بجلی کی فراہمی کے ساتھ نرخوں میں مزید کمی ممکن ہو گی۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے سات روپے کمی کے بعد عوام کی مزید سہولت کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی تاخیر قبول نہیں۔ توانائی کی پیداوار اور آبی ذخائر کے لیے مؤثر نظام مرتب کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔اجلاس میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق بریف کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹاسک فورس نے زمینی حقائق اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کی ہیں۔ آئندہ 10 سال کے لیے بجلی کے پیداواری منصوبوں میں مسابقتی بولی اور کم ترین قیمت پر بجلی کی فروخت کے لیے راہ ہموار کی گئی ہے۔ پیداواری صلاحیت میں توسیع کے مربوط نظام سے مہنگی بجلی کے منصوبوں کو پلان سے نکالنے کے ساتھ پیداواری منصوبوں کی تکمیل کی تاریخوں میں ردوبدل کیا جارہا ہے جس سے مجموعی طور پر 17 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی قومی وسائل کی بچت کے لیے کاوشوں کو سراہا۔
Date . May/2/2025