چیئرمین سی ڈی اے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم

News Image

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے کا ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے تمام ممبران اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خاص طور پر سیکٹرز کی ترقی، شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی، نئی شاہراہوں اور انڈرپاسز کی تعمیر جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہری سہولیات میں بہتری کے لیے الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھانے، کیبل کار منصوبے، ایف نائن پارک اور لیک ویو پارکس کی بہتری، تھیم پارک اور ایڈونچر پارک جیسے منصوبوں کی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور سیکٹر ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس مقصد کے لیے سی ڈی اے واٹر ایجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پانی کی مستقل فراہمی کے لیے مختلف آپشنز پر مبنی فزیبلٹی رپورٹس تیار کی جا رہی ہیں جبکہ قومی و بین الاقوامی ڈونرز سے بھی قانونی دائرے میں رہتے ہوئے روابط قائم کیے جائیں گے۔

مزید برآں، چیئرمین سی ڈی اے نے قانونی و غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی فہرست ویب سائٹ اور میڈیا کے ذریعے مشتہر کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام سرمایہ کاری سے قبل کسی بھی سوسائٹی کی قانونی حیثیت سے آگاہ ہو سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نے مختلف شہریوں کی شکایات ذاتی طور پر سنیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

DATE . May/3/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top