
اسلام آباد: بھارتی میڈیا کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد اب ایک اور من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کیا گیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کا نام لے کر انہیں خیالی دہشتگردی کے کیمپس قرار دینا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان نے بھارت کے جھوٹے دعووں کو بے نقاب کرنے کے لیے بین الاقوامی اور قومی میڈیا کو آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کے دورے کا انتظام کیا ہے۔ ان علاقوں کا دورہ کر کے بھارتی میڈیا کی طرف سے کئے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کی حقیقت سامنے لائی جائے گی۔
ٹائمز آف انڈیا نے ایک جھوٹا دعویٰ کیا کہ “مبینہ دہشتگرد ایل او سی کے قریب اپنے ٹھکانوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں، جنہیں بھارت نے نشانہ بنانا تھا”۔ اسی طرح، انڈیا ٹو ڈے نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ “مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے دہشتگردوں کو آزاد کشمیر منتقل کیا گیا ہے”۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان ان علاقوں کا دورہ کروا کر بھارت کے جھوٹے دعووں کو بے نقاب کرے گا، جس سے انڈین میڈیا کے پروپیگنڈے کی حقیقت سامنے آ جائے گی.
DATE . May/4/2025