پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور منافع بخش ملک ہے: وزیراعظم

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم سے امریکی چیمبر آف کامرس کی امریکہ-پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر ایشیاء چارلس فریمین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسپیرینزا گومیز، ایبٹ انڈسٹریز کی ہینی ہینسر، ایپل کی نمائندہ ایسرا کونی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

وزیراعظم نے وفد کا اسلام آباد میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ-پاکستان بزنس کونسل پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینا مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کی منزل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت امریکی کمپنیوں کی کوششوں کو سراہتی ہے جو پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور برآمدات میں اضافہ کر رہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکی کپاس کا ایک بڑا درآمد کنندہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت امریکی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعمیری تعلقات قائم رکھنا چاہتی ہے، خاص طور پر آئی ٹی، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ذریعے ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی استحکام کو تسلیم کر رہے ہیں اور فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور اسٹیٹ بینک کی پالیسی ریٹ میں کمی خوش آئند اقدامات ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانا، بیوروکریٹک رکاوٹیں کم کرنا اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

وفد نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ یہاں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، مشیران اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے امریکی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

DATE . May/7/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top