
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حالیہ بھارتی جارحیت کے تناظر میں پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ہندوستان کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف ترکیہ کی حمایت کو سراہا اور اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں 26 معصوم شہری، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، شہید ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا یہ بزدلانہ حملہ نہ صرف پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کو بھی سنگین خطرے میں ڈال رہا ہے۔
صدر ایردوان نے انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور ترکیہ کی جانب سے پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان، بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی جھوٹ پر مبنی کوششوں کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اسے رد کر کے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
صدر ایردوان نے آگاہ کیا کہ ترک وزیر خارجہ نے آج پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے گفتگو کی اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پرامن کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور پاکستانی سفارتی کوششوں کی کامیابی کے لیے ترک قوم دعاگو ہے۔
DATE . May/8/2025