لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شہداء کی عظیم ماؤں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے شہیدوں کی بہادر ماؤں کو مدرز ڈے مبارک ہو۔ یہ وہ خاموش جنگجو ہیں جن کے بیٹوں نے شہادت کو گلے لگایا تاکہ پاکستان فخر، خود مختار اور آزاد کھڑا رہ سکے۔ انہوں نے ان بہادر فوجیوں کی ماؤں کو بھی سلام پیش کیا جو ہر شب دعاگو ہوتی ہیں کیونکہ ان کے بیٹے ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہداء کی ماؤں کے احسانات کے مقروض ہیں اور اس کے اظہار کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔ شہداء کی ماؤں کی محبت سب سے پاکیزہ، ان کی قربانی سب سے بڑی اور ان کی طاقت اس قوم کی روح ہے۔ انہوں نے شہداء کی عظیم ماؤں کو محبت، احترام اور شکر کے ابدی جذبات کے ساتھ سلام پیش کیا-
Date . May/12/2025