حکومت کا بڑا اقدام، بلیو اکانومی پالیسی پر کام کا آغاز

News Image

اسلام آباد:وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی ہدایت پر وزارت نے ملک کے بلیو اکانومی (آبی معیشت) کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے ایک جامع پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بلیو اکانومی سیکٹر میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پالیسی کی تیاری میں تمام متعلقہ شراکت داروں سے مکمل مشاورت کی جائے گی۔

وزیر بحری امور نے بلیو اکانومی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سمندری معیشت میں سالانہ 100 ارب ڈالر تک کمانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر توجہ دی جائے تو ماہی گیری، سمندری سیاحت اور شپنگ کے شعبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے عالمی سطح پر بلیو اکانومی کے حجم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ 1.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے سمندری شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی کمی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا۔

وزیر بحری امور نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی بلیو اکانومی پالیسی سے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے بھی ایک نیا راستہ کھلے گا۔ انہوں نے شپ ری سائیکلنگ اور گرین پورٹس کے قیام کو اضافی آمدنی کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

DATE . May/14/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top