
لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ تاریخی فتح پر قوم، قیادت اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے کہ اس نے پاکستان کو سرخرو کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور افواج پاکستان کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہر محاذ پر قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان کا مؤقف دوست ممالک کے سربراہان تک موثر انداز میں پہنچایا جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بین الاقوامی رابطوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں افواجِ پاکستان نے بھرپور اور مؤثر ردعمل دے کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ، کہا جاتا تھا کہ بھارت کے پاس جدید اسلحہ اور بہترین جہاز ہیں، لیکن پاکستان کے جانباز سپاہیوں نے ثابت کر دیا کہ اصل قوت دل، جذبہ اور پیشہ ورانہ مہارت ہوتی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے پاس وہ صلاحیتیں موجود ہیں جو دنیا کی کسی اور فوج میں نہیں پائی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے 50 منٹ سے زائد کی ہوائی اور زمینی جنگ کر کے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کتنا مضبوط ملک ہے. انہوں نے پاکستانی قیادت، افواج اور قومی یکجہتی کے ٹیم ورک کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی مذمت کی اور آزادانہ و منصفانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت کی الزام تراشی اور پانی بند کرنے کی دھمکیاں کھلی جارحیت اور اعلانِ جنگ کے مترادف ہیں۔ پاکستان نہ کسی دہشتگردی میں ملوث ہے، نہ کبھی ساتھ دیا اور نہ دے گا۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ڈرونز اسرائیلی ساختہ تھے، وہی ڈرونز جو غزہ میں معصوم بچوں، عورتوں اور اسپتالوں پر گرائے جاتے ہیں۔ پاکستانی افواج نے نہ صرف زمینی بلکہ فضائی محاذ پر بھی دشمن کے عزائم خاک میں ملائے اور ان ڈرونز کو مار گرایا۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں نے اس بات کا عزم کیا کہ پاکستان کی خاطر ہم سب متحد ہیں۔ پاکستان کی فتح آج دنیا کے لیے ایک مثال بن چکی ہے۔ مختلف ممالک کے اسپیکرز نے ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے پاکستان کی فتح پر مبارکباد دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کہا جاتا تھا چین کا اسلحہ غیر مؤثر ہے، مگر پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ چین کا اسلحہ اعلیٰ معیار کا ہے۔ چین، ترکیہ، آذربائیجان اور دیگر اسلامی ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان آج بھی اسلام کا مضبوط قلعہ ہے۔
DATE . May/19/2025