
عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز کادورہ پاکستان، اصلاحات کی رفتار کو سراہا
اسلام آباد:عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز اینا بجیرڈے کادو روزہ دورہ پاکستان گزشتہ روز اختتام ہوگیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے حکام کی جانب سے اصلاحات کی رفتار کو سراہا اور اقتصادی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اصلاحات کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
اینا بجیرڈے نے دورہ کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور ورلڈ بینک گروپ کے پاکستان کے لیے نئے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر تعاون کی تعریف کی۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط اصلاحات کی ضرورت پر بھی بات چیت کی تاکہ پائیدار اور جامع ترقی ممکن ہو سکے۔
اینا بجیرڈے نے کہاکہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی بحالی اور غربت میں کمی کا راستہ جامع اصلاحات پر منحصر ہے جو انسانی سرمایہ، معاشی استحکام، موسمیاتی لچک، توانائی کی پائیداری اور نجی شعبے کی ترقی کو ترجیح دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دورے کے دوران ہم نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے اگلے اقدامات پر بات کی۔ خاص طور پر مالیاتی، ڈیجیٹل اور توانائی کے شعبوں اور ملک کی نجی شعبے کی قیادت میں ترقی اور کاروبار کی صلاحیت باالخصوص خواتین اور نوجوانوں کے لیے معیاری روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے گفتگوکی گئی۔
بجیرڈے نے وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس لغاری، وزیر تخفیف غربت وسماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن محترمہ روبینہ خالد، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین رشید محمود لنگڑیال، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین، خواتین رہنمائوں اور دیگر سینئر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں ملک کے سب سے اہم سماجی و اقتصادی چیلنجز، انسانی سرمایہ کی ترقی، پانی اور صفائی کی سہولیات تک رسائی، موسمیاتی لچک، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بجیرڈے نے سندھ کے ضلع شہید بینظیرآباد میں ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہوبھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کی وفد کی میزبانی خاتون اول اور قومی اسمبلی کی رکن محترمہ آصفہ بھٹو زرداری نے کی۔ دورے میں 2022 کے سندھ سیلاب ایمرجنسی ہاؤسنگ ریکنسٹراکشن پروجیکٹ سے مستفید ہونے والوں اور عملے سے ملاقاتیں اور نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت چلنے والے ایک بنیادی صحت یونٹ کے طبی عملے اور خواتین مریضوں سے بات چیت شامل تھی۔
سندھ میں اینا بجیرڈے نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی کابینہ کے ارکان سے صوبے کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
DATE . May/25/2025