
اسلام آباد:قومی اسمبلی کے پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال (پی سی سی آر) نے “آؤٹ آف اسکول چلڈرن” پر رپورٹ کا اجراء کردیا۔کنونیئر پی سی سی آر ڈاکٹر نکہت شکیل خان کاکہناہے کہ ہر بچہ تعلیم کا حقدار ہے، کسی بچے اس بنیادی حق سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔
کنونیئر پی سی سی آر ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے حقوق اطفال کے سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ویژن اور کردار کو سراہا۔
ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کی مکمل رہنمائی اور بھرپور تعاون پر اظہارِ تشکرکیا۔کنونیئر پی سی سی آر نے شرح تعلیم میں اضافے اور آؤٹ آف سکول چلڈرن کے مسئلے کے حل کے لیے پارلیمان کے موثر کردار کی ضرورت پر زوردیا۔
ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے کہا کہ 26 ملین سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونا لمحہ فکریہ ہے، بچوں کو تعلیم کی فراہمی آئینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، پی سی سی آر نے ایک جامع رپورٹ مرتب کرنے کے لیے تمام صوبوں کے اسٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت کی۔
کنونیئر پی سی سی آر نے کہا کہ رپورٹ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے قومی پالیسی وضع کرنے کے لیے قابلِ عمل روڈ میپ فراہم کرتی ہے، وزیراعظم کے تعلیم پر قومی ایمرجنسی کے اعلان کے بعد پی سی سی آر نے مؤثر کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ جس پرکنونیئر پی سی سی آر نے ان کاشکریہ اداکیا۔رپورٹ کی تیاری میں وفاقی وزیر تعلیم کی غیر متزلزل حمایت پر ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی ہدایت پر پی سی سی آر نے صوبائی اراکینِ اسمبلی اور حکومتوں سے رابطہ کیا۔
صوبائی سطح پر مشاورت کرنے والے اراکینِ اسمبلی کا کنونیئر پی سی سی آر نے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ معروضی حقائق پر مبنی، قابلِ عمل تجاویز فراہم کرتی ہے جو وفاقی و صوبائی سطح پر لاگو کی جا سکتی ہیں۔
ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے کہا کہ ہر بچہ تعلیم کا حقدار ہے، کسی بچے اس بنیادی حق سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا-
DATE . May/27/2025