پاکستان کا غزہ میں فوری جنگ بندی، امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کا مطالبہ

News Image

نیویارک، 4 جون 2025 — اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی موجودہ انسانی صورتحال سے متعلق قرارداد کی ناکامی پر پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے اسے “بین الاقوامی ضمیر پر دھبہ” اور “سلامتی کونسل کی ساکھ پر مستقل داغ” قرار دیا۔

سلامتی کونسل کے منتخب دس ارکان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پر رائے شماری کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کی تاریخ کا ایک افسوسناک اور سیاہ باب ہے، جب عالمی ادارہ انسانی المیے کے سامنے بے بس اور خاموش کھڑا نظر آیا۔

انہوں نے قرارداد کی ناکامی کو “قابلِ مذمت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویٹو دو ملین سے زائد فلسطینیوں کی قربانی کو جواز بخشنے کے مترادف ہے۔ سفیر نے زور دیا کہ یہ نہ صرف اس کونسل کے ضمیر پر ایک اخلاقی دھبہ ہے، بلکہ ایک ایسا لمحہ ہے جس کی بازگشت نسلوں تک سنائی دے گی۔

سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کی ساکھ اور ذمہ داریوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ غزہ اب محض ایک انسانی بحران نہیں، بلکہ انسانیت، قانون، اور اخلاقیات کا انہدام ہے۔ انہوں نے غزہ میں اب تک 54,000 سے زائد شہریوں کی ہلاکت، قحط، بیماری، اور تباہی کی صورتحال پر گہرا دکھ ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیاں اور فضائی نگرانی صرف ایک تماشہ ہیں، اور یہ اقدامات اخلاقی ناکامی ہیں جو کسی صورت قبول نہیں کیے جا سکتے۔

پاکستان نے فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فوری، غیر مشروط جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی، اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ دہرایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ناکامی محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ مجرمانہ خاموشی ہے، جس نے سلامتی کونسل کو مفلوج کر دیا ہے جبکہ پوری دنیا اس سے فوری اقدام کی توقع کر رہی تھی۔

سفیر عاصم نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے پر خاموش نہیں بیٹھے گا بلکہ امن کے حصول کی کوششیں تیز کرے گا اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس بحران کی جڑ کو اسرائیل کے طویل غیر قانونی قبضے کے خاتمے میں قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ جنرل اسمبلی میں ہونے والی اعلیٰ سطحی کانفرنس فلسطینی حقوق کے لیے ایک زبردست آواز بنے گی اور دو ریاستی حل کی راہ ہموار کرے گی۔

DATE . JUN/5/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top