پاک ترکیہ دوستی اور مخلصانہ بھائی چارہ امن عالم کی بنیاد ، اقوام عالم کے لئے ایک مثال ہے،وجیہہ قمر

News Image

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت اور مواقع کے تابع نہیں ۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور مخلصانہ بھائی چارہ امن عالم کی بنیاد اور اقوام عالم کے لئے ایک مثال ہے۔
وزیر مملکت وجیہہ قمر نے یہ بات سفارتخانہ جمہوریہ ترکیہ میں ترک مرکز ثقافت یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پاک ترکیہ دوستی کے موضوع پر نوجوانوں کے درمیان مقابلہ مصوری کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کہی۔
اس موقع پر جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان چیپٹر کے سربراہ ڈاکٹر خلیل طوقار نے بھی خطاب کیا۔وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت اور مواقع کے تابع نہیں ،یہی وجہ ہے کہ دونوں برادر ملک آزمائش کے کسی بھی موقع پر ایک دوسرے سے تعاون کے لئے یوں بے چین ہو جاتے ہیں جیسے یہ ایک ہی اور ایک ہی جسد ملی ہوں، حالیہ پاک بھارت جنگ کے موقع پر ترکیہ کے مخلصانہ کردار نے یہ حقیقت ایک بار پھر ثابت کر دی ہے۔
انہوں نے مقابلہ مصوری کرانے پر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان مخلصانہ محبت کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی تخلیقی کوشش ہے جس کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ انہوں نے مقابلہ مصوری میں کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں کو بھی مبارکباد پیش کی۔
جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے مقابلہ مصوری میں انعامات حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مقابلے میں شامل 15سو طلبہ کے فن پارے محض تصویریں نہیں بلکہ یہ فن پارے دونوں برادر ملکوں کے درمیان گہری دوستی کے مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں نے اپنے تخیل کی طاقت سے ہمیں نئی امید دی ہے۔
ڈاکٹر خلیل طوقار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو ملک ہیں جن میں ایک قوم بستی ہے، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ ان کے درمیان تہذیب یگانگت پیدا کرنے کے لئے کام کرتا رہے گا۔یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان یہ مقابلہ مصوری دو کیٹیگری میں ہوا۔ پہلی کیٹگری میں سات سے گیارہ برس کے بچوں نے شرکت کی۔ سید شہید طلحہ نے پہلی، ہادیہ امجد نے دوسری اور آنیہ ہارون نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔سیدہ طیبہ غیور، پاغندہ الیاس اور زروا نعیم خان کو خصوصی انعامات دیئے گئے۔
بارہ سے سولہ برس کی کیٹیگری میں زینب اظہر، رومیسہ فاطمہ اور آمنہ جواد نے پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد سعید اعوان، سعود اجمل، رومیسہ آصف،منہا بنت خالداور رومیسہ انور کو خصوصی انعامات دیئے گئے۔
پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو بالترتیب ایک لاکھ، پچاس ہزار، پچیس ہزار اور خصوصی انعامات پانے والے بچوں کو فی کس دس ہزار روپے انعام سے نوازا گیا۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ نے مصوری کا یہ مقابلہ ترکیہ کے قومی خود مختاری اور بچوں کے قومی دن کے موقع پر منعقد کیا تھا۔

DATE . JUN/5/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top