وزیراعظم کا عید الاضحیٰ پر سعودی عرب کا دورہ، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 سے 6 جون کو عید الاضحیٰ کے موقع پر سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔


ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اس اہم دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود، اور علاقائی امن و سلامتی سمیت دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سعودی قیادت کے تعمیری کردار پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور وقت کی آزمائش پر پورے اترنے والے تعلقات کا مظہر ہے جو مشترکہ مذہبی اقدار، باہمی احترام اور سٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم کا دورہ سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و سفارتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

متوقع ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور کثیر جہتی تعاون کے نئے امکانات روشن ہوں گے۔

DATE . JUN/5/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top