
فیصل آباد:کمشنرفیصل آباد کی زیر صدارت عید قرباں پر صفائی آپریشن کی تیاری بارے اجلاس میں جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔مریم خان نے کہا کہ عید پر آلائشیں اٹھانے کے انتظامات گزشتہ سالوں سے بہتر ہونے چاہئیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرؤف شریک ہوئے جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو چاروں اضلاع میں عید سے قبل ون ٹائم آپریشن کلین اپ کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ نماز عید سے قبل تمام شہری اور دیہی علاقوں کو ہر صورت زیرو ویسٹ کیا جائے اور آلائشوں کیلئے پلاسٹک بیگز کی تقسیم عید سے قبل مکمل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عید پر آلائشیں اٹھانے کے انتظامات گزشتہ سالوں سے بہتر ہونے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنرز عید صفائی آپریشن کی خود نگرانی کریں اور شہری عید صفائی آپریشن میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔کمشنر نے تمام مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کا بھی حکم دیا اور لوکل گورنمنٹس کو شہروں کی حدود میں مویشیوں کی غیر قانونی خریدو فروخت پر پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر مریم خان کا شہر میں ستھرا پنجاب آگاہی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی بارے مزید ہدایات دیں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ شہریوں میں پلاسٹگ بیگز اور آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیئے۔
سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالرؤف نے بتا یا کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے مؤثر حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں آؤٹ سورس سسٹم کے تحت نجی کنٹریکٹرز پہلی مرتبہ عید صفائی آپریشن کرینگے اور کنٹریکٹرز کو بروقت آلائشیں ٹھکانے لگانے کا ٹاسک دے دیاگیا ہے۔
DATE . JUN/5/2025