
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ ایسے اقدامات علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اسرائیلی حملے پر گہری تشویش اور ایرانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا “میں آج اسرائیل کی جانب سے ایران پر بلا اشتعال حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ میں اس حملے میں جانی نقصان پر ایرانی عوام کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔”
وزیر اعظم نے اسرائیلی حملوں کو مزید ایک “سنگین اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ حملہ” قرار دیا جو “گہرا تشویشناک ہے اور پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے کو مزید غیر مستحکم کر رہا ہے۔”
وزیر اعظم نے کہا “ہم عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں جو علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔”
DATE . Jun/13/2025