
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ خون عطیہ کرتے ہیں، وہ نہ صرف کسی ایک فرد بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہوتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونیشن کے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خون کا عطیہ درحقیقت کسی کے لیے زندگی کا تحفہ ہے اور محفوظ خون کی منتقلی سے ہر سال لاکھوں جانیں بچائی جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بروقت اور صحتمند خون کی فراہمی کے لیے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جا چکا ہے، جبکہ صوبے کو پاکستان کا پہلا باضابطہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نظام کے ذریعے مریض کا بلڈ ڈونر سے براہِ راست رابطہ ممکن بنایا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ عوام ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 4 کا بٹن دبا کر ورچوئل بلڈ بینک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ خون عطیہ کرنے کے خواہش مند افراد 15 ہیلپ لائن، سیف سٹی ویب سائٹ یا پولیس خدمت مرکز پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
DATE . June/14/2025