
سٹراس برگ:پاکستان کے اعلی سطحی پارلیمانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ میں یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا (DSAS) کے ممبران سے ملاقات کی ۔دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور بالخصوص خطے میں امن و امان کی صورتحال پر مفصل گفتگو ہوئی ۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی، بشمول بھارت کی فوجی اشتعال انگیزی اور پانی کو سٹریٹجک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے خطرناک رجحان کے بارے میں آگاہ کیا ۔
پاکستان کے پارلیمانی وفد نے کہا کہ پاکستان ، یورپی یونین کے ساتھ قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یورپی یونین پاکستان کا شراکت دار ہی نہیں بلکہ دنیا میں استحکام کی آواز بھی ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین قانون کی حکمرانی کا علمبردار ہوتے ہوئے جنوب ایشیائی خطے میں عالمی قوانین و معاہدات کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریگا اس دوران ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور ماحولیاتی منصوبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
DATE . June/17/2025